رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا رات گئے گوادر شہر میں موجود پانی کے مرکزی پمپنگ اسٹیشنز اور اسٹوریج مراکز کا تفصیلی دورہ

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:30

ؓگوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے رات گئے گوادر شہر میں موجود پانی کے مرکزی پمپنگ اسٹیشنز اور اسٹوریج مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ یہ دورہ موجودہ شدید خشک سالی اور شہر میں جاری سنگین پانی بحران کے تناظر میں کیا گیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (GDA) کے افسران بھی موجود تھے۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن میں رات کے اوقات میں پانی کے اسٹوریج، ان فلو اور آوٹ فلو کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق، گزشتہ رات جی ڈی اے کی جانب سے میرانی ڈیم سے مجموعی طور پر 25 واٹر باوزرز کے ذریعے پانی سپلائی کیا گیا۔بعد ازاں، رکن صوبائی اسمبلی نے کوارٹر باکس میں پانی کے ذخائر کا معائنہ کیا اور مختلف لائنوں کے کونسلرز اور علاقے کے معتبرین سے پانی کی فراہمی کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔

(جاری ہے)

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے بعد ازاں سنٹرل ٹوپلیری پائپ لائن کا بھی معائنہ کیا، جہاں ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ نے انہیں پائپ لائن کی تکنیکی پیچیدگیوں اور فراہمی میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔رکن صوبائی اسمبلی نے موقع پر موجود حکام کو ہدایت دی کہ پانی کی منصفانہ تقسیم اور سپلائی کے عمل میں بہتری کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔