قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کا کھیل بیٹرز اور باؤلرز کے نام

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے تیسرے روز کا کھیل بیٹرز اور باؤلرز دونوں کے لیے یادگار رہا۔ کراچی بلوز کے دانش عزیز اور بہاولپور کے محمد عمار نے شاندار سنچریاں اسکور کیں جبکہ لاہور وائٹس کے نسیم شاہ اور ملتان کے عامر یامین نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیموں کی پوزیشن مستحکم کر دی۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں کراچی بلوز کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 477 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دانش عزیز نے 155 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ غازی غوری نے 83 رنز بنائے۔ فیصل آباد نے جواب میں کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا لئے، عرفان نیازی 78 اور حسن رضا 73 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں فاٹا کی ٹیم ملتان کے خلاف پہلی اننگز میں 273 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

محمد سرور نے 80، حسیب اللہ نے 63 اور وسیم خان نے 53 رنز بنائے۔ ملتان کے آل راؤنڈر عامر یامین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ملتان نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا لئے۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسلام آباد کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف 256 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ شامل حسین نے 86 رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور وائٹس کے نسیم شاہ نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں لاہور وائٹس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لئے۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں بہاولپور کی ٹیم نے ایبٹ آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 399 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد عمار نے شاندار 105 رنز بنائے جبکہ عمران رندھاوا نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایبٹ آباد کی جانب سے شاہنواز دھانی، محمد عادل اور اسرار حسین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ایبٹ آباد نے کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنائے تھے۔ پشاور نے سیالکوٹ کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے، وقار احمد 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔