وزیراعلی پنجاب کا پاکپتن میں الیکٹرک بس کا افتتاح

بدھ 8 اکتوبر 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز بابا فرید کی دھرتی میں الیکٹرک بس لے آئیں جس سے پاکپتن کی ساڑھے سات سو سالہ تاریخ میں پہلا سرکاری ٹرانسپورٹ سسٹم کا آغازہوا ہے۔وزیراعلی مریم نوازنے پاکپتن میں الیکٹرک بس کا افتتاح کردیا۔پاکپتن میں 15 بسیں تین مختلف شہری روٹ پر چلیں گی۔جنرل بس اسٹینڈ پاکپتن سے بنگہ حیات،عارف والا اور نور پور سیال 5-5 بسیں چلیں گی۔

مریم نوازنے پاکپتن کی پہلی الیکٹرک بس پر حضرت بختیار کاکی چوک سے ایس پی چوک تک سفرکیا۔وزیراعلی کی آمد پر فقید المثال استقبال کیاگیا۔عوام نے الیکٹرک بس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔سڑکوں کے اطراف میں کھڑے نوجوانوں کا جوش و خروش اور ہزاروں کا ہجوم ساتھ چلتا رہا۔

(جاری ہے)

وہ مسلسل کھڑے ہو کر نعروں کا جواب دیتی رہیں۔ ''سب توں اعلی، پنجاب دی وزیراعلی''، ''بابا فرید کی نگری میں جی آیاں نوں '' ''مرہم ہے مریم''۔

ستھرا پنجاب کے ورکرز بھی عوام کے ساتھ ساتھ پوسٹر اٹھائے کھڑے تھے۔استقبالی ہجوم میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ایک نوجوان کلثوم نواز شریف کا پینسل سکیچ اٹھائے استقبالی ہجوم میں شامل تھا۔الیکٹرک بس کے راستے میں نیو سینیٹیشن فلیٹ کی جدید گاڑیاں بھی موجود تھیں۔وزیراعلی نے تقریب گاہ میں ارکان اسمبلی سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی۔وزیراعلی مریم نواز شریف تقریب سے واپسی پر گاڑی میں بیٹھنے کی بجائے عوام کی جانب چل پڑیں۔انہوں نے بچوں، خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔