یونیورسٹی آف گوادر کے شعبہ تعلیم کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد

بدھ 8 اکتوبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف گوادر کے شعبہ تعلیم نے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے اشتراک سے ''اساتذہ کا کردار برائے معیارِ تعلیم کی یقین دہانی'' کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا ۔ یہ پروگرام عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر منعقد کیا گیا جس کا مقصد اساتذہ کے اس اہم کردار کو اْجاگر کرنا تھا جو تعلیمی معیار کی بہتری اور ادارہ جاتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، کامرس اور سماجی علوم کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ تعلیمی نظام کی بنیاد ہیں، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور کردار ہی کسی قوم کے مستقبل کا تعین کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد پرو وائس چانسلر، یونیورسٹی آف گوادر نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ استاد محض علم کا ذریعہ نہیں بلکہ تبدیلی کا نمائندہ ہے جو طلبہ میں سوچنے، سمجھنے اور معاشرتی ترقی میں کردار ادا کرنے کا حوصلہ پیدا کرتا ہے۔

سیمینار کے دوران ضلعی تعلیم آفیسر محترمہ بلقیس سلیمان نے اساتذہ کی تربیت اور معاونت کے ذریعے اسکولوں کی مضبوطی کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور رہنمائی ہی مضبوط تعلیمی اداروں کی ضمانت ہے۔گوادر نجی سکولز ایسوسی ایشن کے صدر جمیل قاسم نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں اور عملی تربیت سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر رابعہ اسلم نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں شیلڈز اور سووینئرز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :