کرغزستان کا 2030 تک گرین الیکٹریسٹی مارکیٹ کے فروغ کا منصوبہ تیار

جمعرات 9 اکتوبر 2025 10:40

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) کرغزستان نے سال 2030 تک گرین الیکٹریسٹی مارکیٹ کے فروغ کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ کازانفارم کے مطابق وزارت توانائی نے ’’کرغز جمہوریہ میں قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی ترقی 2025-2030: ڈسٹری بیوٹڈ اینڈ مائیکرو جنریشن‘‘ کے نام سے ایک پروگرام عوامی مشاورت کے لیے پیش کیا ہے،یہ پروگرام ملک میں چھوٹے پیمانے پر قابل تجدید توانائی کے ذرائع جیسے سولر پینلز، کلیکٹرز، ونڈ ٹربائنز، چھوٹے ہائیڈرو پاور پلانٹس اور دیگر مائیکرو جنریشن تنصیبات کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، یہ تنصیبات سرکاری، بلدیاتی، نجی اداروں اور گھریلو عمارتوں پر نصب کی جائیں گی۔

پروگرام کے اہم اہداف میں چھوٹے پیمانے کی قابل تجدید توانائی تنصیبات کے لیے قانونی و اقتصادی ماحول بہتر بنانا، مقامی آلات کی پیداوار کو فروغ دینا،عوام اور کاروباروں کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینا،معیاری توانائی معیار اور عمارتوں کی توانائی افادیت میں بہتری لانا شامل ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام میں انسانی وسائل کی ترقی، عوامی آگاہی، صنفی مساوات اور کمزور طبقوں کی معاونت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

کرغزستان کی بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں اور کاربن نیوٹرلٹی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے بھی یہ پروگرام معاون ثابت ہوگا۔یہ پروگرام پیرس معاہدے کے تحت کرغزستان کی ذمہ داریوں کی تکمیل میں بھی مدد دے گا۔رپورٹ کے مطابق پروگرام کو دو مراحل میں نافذ کیا جائے گا، پہلے مرحلہ میں 2025 سے 2027 تک ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل، پائلٹ منصوبوں کا آغاز اور سپورٹ اقدامات کا نفاذ شامل ہے جب کہ دوسرے مرحلہ میں 2028 سے 2030 تک منصوبوں کی توسیع، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی منصوبہ بندی میں انضمام کے منصوبوں پر عملدرآمد پروگرام کا حصہ ہے، تاجکستان نے 2037 تک مکمل طور پر گرین ملک بننے کا ہدف مقرر کیا ہے۔