Live Updates

اردن ، شاہ عبداللہ دوم کا اردنی سائنسدان کو کیمسٹری میں خدمات پر نوبل انعام ملنے پر خراج تحسین

جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:29

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے نوبل انعام کمیٹی کی طرف سے اردن کے سائنسدان عمر یاگی کو کیمسٹری کے میدان میں انسانیت کے لئے خدمات انجام دینے پر نوبیل انعام ملنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ العربیہ اردو کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ انہیں اردنی سائنسدان کے نوبل انعام جیتنے پر فخر اور خوشی ہے۔

یہ پورے اردن اور اردنی عوام کے لئے بہت فخر کی بات ہے۔ شاہ اردن نے مزید کہا کہ ہمارے سائنسدان نے ثابت کیا ہے کہ اردن کے شہری اردن کے اندر ہوں یا باہر ہر جگہ اپنی امتیازی حیثیت و اہلیت کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اردن کے سائنسدان عمر یاگی امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں جنہیں کیمسٹری کے شعبے میں خدمات کے لیے جاپان کے سسومو کیتا گاوا اور برطانیہ رچرڈ روبسن شامل کے ساتھ نوبل انعام میں شریک کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عمر یاگی بنیادی طور پر فلسطینی شہری ہیں جو اردن میں قائم ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں ہی پیدا ہوئے تھے۔ فلسطینی خاندانوں کو اسرائیلی قبضے کے بعد فلسطین سے جبری طور پر نکال دیا گیا تھا اور اردن و لبنان وغیرہ میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے تھے۔ عمر یاگی نے انہی فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں سے ایک میں پرورش پائی اور پھر نوبل انعام پانے والوں میں شامل ہوئے۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات