اصلاحات ،ٹیکس ریٹس بارے غیر ملکی ،مقامی ماہرین سے اسٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے‘ جمیل اختر بیگ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جمیل اختر بیگ نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات اورٹیکس ریٹس کے حوالے سے غیر ملکی اور مقامی ماہرین سے اسٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے ، اسیسمنٹ ، نوٹسز اور ان پر تعمیل کے شعبے مکمل طو رپر الگ الگ ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ٹیکس نظام میں پالیسی سازی کے لئے ایف بی آر کی بیورو کریسی پر مکمل انحصار کے نتائج نہیں نکل رہے ، ٹیکس دینے والاہر شخص کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں ٹیکس کانظام غیر منصفانہ ہے جس میں توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ٹیکس ریٹس کے حوالے سے غیر ملکی اور مقامی ٹیکس ماہرین سے اسٹڈی رپورٹ کی تیاری کرائے اور اس پر عملدرآمد کیا جائے اور کامیابی کی صورت میں اس کا ملک بھر میں نفاذ کیا جائے۔