قومی ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ نومبر میں لاہور میں منعقد ہوگی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن(پی سی ایف )نے اعلان کیا ہے کہ 70ویں قومی ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ 2025 رواں سال 15 سے 17 نومبر تک لاہور میں منعقد ہو گی۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین سائیکلسٹ شرکت کریں گے، جنہیں مختلف صوبوں اور محکموں کی نمائندگی حاصل ہو گی۔ ایونٹ میں سینئر اور جونیئر کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ تمام متعلقہ یونٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بھرپور تیاری کریں اور ایونٹ سے قبل ٹریننگ کیمپس کا انعقاد کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹریک چیمپئن شپ ہماری سالانہ سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ملک بھر سے کھلاڑی جوش و خروش سے اس میں حصہ لیں گے۔چیمپئن شپ کا مقصد ملک میں سائیکلنگ کو فروغ دینا، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔فیڈریشن کی جانب سے چیمپئن شپ کا تفصیلی شیڈول اور ٹیکنیکل ہدایات جلد جاری کی جائیں گی۔ تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایونٹ میں شرکت سے قبل اپنے سائیکلنگ لائسنس کی تجدید یقینی بنائیں۔