گھر میں ویڈ کے پودوں کی کاشت ،تفتیش کیلئی4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

کمیٹی گرفتار ملزم سلمان سے مکمل تفتیش کرے گی اور نیٹ ورک میں شامل مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کرے گی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) ناظم آباد میں گھر میں ویڈ کے پودوں کی کاشت کے معاملے کی بڑے پیمانے پر تفتیش کیلئی4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس سندھ کے ناظم آباد میں کیے گئے آپریشن کے بعد بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی گئیں، واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر احمد یار کھوسو کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ ای ٹی او زبیر لاکھو اور نبی بخش لاکھانی ممبران ہوں گے۔ ای ٹی آئی گل شیر شیخ کمیٹی میں بطور تفتیشی افسر شامل ہیں۔کمیٹی گرفتار ملزم سلمان سے مکمل تفتیش کرے گی اور نیٹ ورک میں شامل مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کرے گی جبکہ تمام کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد کمیٹی اپنی رپورٹ حکام کو پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران گھر سے تقریبا 12 کلو ویڈ کے پودے، 42 گرام تیار ویڈ اور 30 گرام ویڈ کے بیج برآمد ہوئے تھے، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم گھر میں ویڈ کی کاشت کرکے تیار شدہ نشہ آور مواد فروخت کرتا تھا تاہم پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :