وزیراعظم کی قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اورغیرفعال سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:43

وزیراعظم کی قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اورغیرفعال سرکاری اداروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیراعظم شہبازشریف نے قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اور غیرفعال سرکاری اداروں کی نجکاری کو جلد انتظامی اور ادارہ جاتی پیچیدگیوں سے بچاتے ہوئے نجکاری کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ سرکاری اداروں کی اندرونی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت ہر ممکن اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں۔

جمعرات کووزیراعظم کی زیرصدارت مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 24 میں سے 15 سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل پر پیشرفت پر وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اور غیرفعال سرکاری اداروں کی نجکاری کو جلد از جلد انتظامی اور ادارہ جاتی پیچیدگیوں سے بچاتے ہوئے نجکاری کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم کو اداروں کی نجکاری پر پیشرفت پر بریف کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری میں قومی مفاد اور مستقبل میں اداروں کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کی اندرونی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت ہر ممکن اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ نجکاری کے عمل میں شامل سرکاری اداروں کے لیے بہترین معاملہ طے کیا جائے،نجکاری کے عمل میں ادارہ جاتی اور انتظامی تاخیر اور سرخ فیتے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ نجکاری کے عمل کی بذات خود نگرانی اور اسکی پیش رفت پر باقاعدگی سے اجلاس کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اکنامک افیرز ڈویژن احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور دیگر متعلقہ اداروں کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔