ترسیلاتِ زر مالی سالی کی پہلی سہ ماہی میں 8.41 فیصد بڑھ کر 9.5 ارب ڈالر ہوگئیں

گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 8 ارب 79 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:50

ترسیلاتِ زر مالی سالی کی پہلی سہ ماہی میں 8.41 فیصد بڑھ کر 9.5 ارب ڈالر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی(جولائی تا ستمبر)کے دوران بھیجی گئی ترسیلاتِ زر میں 8.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران 9 ارب 53 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ یہ حجم گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 8 ارب 79 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

مرکزی بینک نے بتایا کہ ستمبر میں سالانہ بنیادوں پر ترسیلاتِ زر 11.33 فیصد بڑھ کر 3 ارب 18 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 85 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بھیجے تھے۔مزید بتایا گیا کہ ستمبر کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے 75 کروڑ ڈالر موصول ہوئیں، اسی طرح متحدہ عرب امارات سے 67 کروڑ 71 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 45 کروڑ 48 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر آئے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا، وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ مالی سال میں 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر حاصل کیں، اور موجودہ مالی سال میں ان کے 41 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر ملک بھر میں لاکھوں گھرانوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ پاکستان کے بیرونی کھاتوں کو مضبوط کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر صرف مالی وسائل کا ذریعہ نہیں بلکہ قومی اور معاشی استحکام کی علامت بھی ہیں۔