لاطینی امریکہ: تیندوں کو معدومیت سے بچانے کا تاریخی معاہدہ طے

یو این جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:30

لاطینی امریکہ: تیندوں کو معدومیت سے بچانے کا تاریخی معاہدہ طے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 اکتوبر 2025ء) لاطینی امریکہ کے ممالک نے تیندوے کے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ علاقائی منصوبہ منظوری دے دی ہے جس کے ذریعے اس جانور کی نسل کو معدومیت کے خطرے سے بچانے میں مدد ملے گی۔

تیندوے کو 1973 میں جنگلی جانوروں اور پودوں کی اقسام کے بین الاقوامی تجارت سے متعلق کنونشن (سی آئی ٹی ای ایس) کے ضمیمہ اول کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا تاکہ اس کی بین الاقوامی تجارت پر سخت پابندیاں لگائی جا سکیں۔

یہ فہرست دنیا کی سب سے زیادہ نایاب اور معدومیت کے خطرے سے دوچار انواع پر مشتمل ہے۔ تاہم آج یہ نایاب جانور جنگلات کی کٹائی، زمین کے استعمال میں تبدیلی، موسمیاتی تبدیلی، غیر قانونی شکار اور اسمگلنگ جیسے خطرات سے دوچار ہے۔ ماہرین کے مطابق تیندوے پینتھیرا نسل کا واحد رکن ہے جو امریکا کے خطے میں پر پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ماحولیاتی توازن کی علامت اور مقامی اقوام کی روحانی وثقافتی شناخت کا حصہ ہے۔

گزشتہ ماہ کے آخر میکسیکو اور برازیل کے زیرقیادت میکسیکو سٹی میں ہونے والے تین روزہ اجلاس میں تیندوے کے تحفظ کے لیے علاقائی منصوبے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کی منظوری ان تمام ممالک نے دی جہاں تیندوے کے قدرتی مساکن واقع ہیں۔ اس کے تحت تیندوے کو تحفظ دینے کے اقدامات پر عملدرآمد، ان کی نگرانی اور انہیں موثر بنانے کے لیے بین الحکومتی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت تیندوے کے غیر قانونی شکار اور اس کی تجارت کی نگرانی کے لیے بھی ایک نظام تیار کیا جائے گا۔

تیندوے کے مسکن ممالک کا اتحاد

اس اجلاس میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)، ادارے کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی)، عالمی بینک اور جانوروں کے تحفظ سے متعلق معاہدوں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے لیے سوئزرلینڈ کی حکومت، عالمی ماحولیاتی فنڈ، عالمی بینک، یو این ای پی چائنا ٹرسٹ فنڈ، لکسمبرگ کی حکومت کے تعاون سے چلنے والے یو این ای پی پروگرام اور ڈبلیو ڈبلیو ایف میکسیکو نے معاونت کی۔

Public Domain

اجلاس کے افتتاح پر میکسیکو کی حکومت میں ماحولیاتی امور کی نائب سیکرٹری ڈاکٹر مارینا روبلز گارسیا نے کہا کہ تیندوے کے مسکن ممالک کا علاقائی اتحاد نہ صرف اس کی نسل کے بقا کو یقینی بنانے میں مدد دے گا بلکہ اس کے لیے مناسب مساکن اور مقامی برادریوں کے تحفظ کو بھی فروغ دے گا۔

اجلاس کے دوران عالمی بینک، یو این ڈی پی اور دیگر تنظیموں کے ماہرین نے پائیدار مالی معاونت کے طریقہ کار جیسا کہ گرین بانڈز اور بلینڈڈ فنانس پر اپنی آرا پیش کیں جنہیں اس منصوبے کے نفاذ اور نگرانی کے لیے درکار وسائل کے حصول میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ میں تیندوے کی اہمیت

معدومیت کے خطرے سے دوچار انواع کی تجارت کو روکنے کے کنونشن (سی آئی ٹی ای ایس) کی سیکرٹری جنرل ایوون ہیگیرو نے میکسیکو اور برازیل کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس اس بات کا ثبوت ہے کہ جب ممالک کسی مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہوتے ہیں تو بین الاقوامی تعاون اپنی پوری قوت دکھاتا ہے۔

اب اس رفتار کو برقرار رکھنا ہوگا۔ رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنی مقامی انواع کے تحفظ میں قائدانہ کردار ادا کریں۔

اجلاس کے بعد لاطینی امریکا اور غرب الہند کے ممالک کے ماحولیاتی وزرا نے پیرو کے دارالحکومت لیما میں فورم کے چوبیسویں اجلاس میں پیش کردہ لیما اعلامیہ کی منظوری دی۔ اجلاس میں تیندوے کو کلیدی اور علامتی نوع کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس کی حفاظت دراصل حیاتیاتی تنوع، ماحولیاتی بحالی اور موسمیاتی اقدامات کے متعدد اہداف کے مشترکہ حصول کا ذریعہ ہے۔