Live Updates

رجیم چینج کے بعد ایسا کیا ہوا کہ بڑے پیمانے پر قریباً 30 کمپنیاں ملک چھوڑ کر چلی گئیں

پراکٹراینڈ گیمل نے لانگ ٹرم منصوبہ لگایا لیکن وہ بھی چلی گئی، غیرملکی کمپنیوں کے جانے سے ایس آئی ایف سی کی پرفارمنس اور معاشی ترقی دونوں کا اندازا لگا سکتے ہیں۔ رہنماء پی ٹی آئی تیمور سلیم جھگڑا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:04

رجیم چینج کے بعد ایسا کیا ہوا کہ بڑے پیمانے پر قریباً 30 کمپنیاں ملک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر 2025ء) رہنماء پی ٹی آئی تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ رجیم چینج کے بعد ایسا کیا ہوا کہ بڑے پیمانے پر قریباً 30 کمپنیاں ملک چھوڑ کر چلی گئیں، پراکٹراینڈ گیمل نے لانگ ٹرم منصوبہ لگایا لیکن وہ بھی چلی گئی۔ رہنماء پی ٹی آئی تیمور سلیم جھگڑا نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پراکٹر اینڈ گیمبل نے 2019 عمران خان دور حکومت میں انویسٹمنٹ کی نیا پلانٹ لگایا اور حکومت سے کہا کہ ان کا پاکستان میں لانگ ٹرم منصوبہ ہے آج پانچ سال بعد وہ ملک چھوڑ کر چلی گئی یہ ان کمپنیز میں سے ایک تھی جو سب سے زیادہ گریجوئیٹس اٹھاتی تھی، رجیم چینج کے بعد ایسا کیا ہوا کہ بڑے پیمانے پر کمپنیاں ملک چھوڑ گئیں ، پراکٹر اینڈ گیمل، شیل، یاماہا، کریم، بائیر، فائزر ، مائیکروسافٹ سمیت  تیس کے قریب کمپنیاں پاکستان چھوڑ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے آپ ایس آئی ایف سی کی پرفارمنس کا اندازہ بھی لگا سکتے اور معیشت کی ترقی کا بھی۔ اسی طرح تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمد زبیر عمر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ٹی وی پر صرف اشرافیہ کو خوش کرنے کے لیے ان کی پسند کی خبر دی جاتی ہے کہ اسٹاک مارکیٹ بہت اوپر چلی گئی ہے، دوسرا یہ کہ وزیر اعظم غیر ملکی دورے کر رہے ہیں اور بہت اچھا کام کر رہے ہیں، حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہو رہا یہ ناکام حکومت چلا رہے ہیں۔

مزید برآں مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ ہائبرڈ نظام کسی صورت نہیں چل سکتا۔ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی ملک چلے گا۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کا نظام اس طرح چل سکتا ہے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔ ان شاء اللہ 12 اکتوبر کو تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا سربراہی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں ہم ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول اور ایک جامع لائحۂ عمل پیش کریں گے۔

اسد قیصر نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ پیپلز پارٹی دو کشتیوں کی سوار ہے۔ وہ دنیا کو یہ دکھا رہے ہیں کہ پنجاب میں ان کی کوئی لڑائی ہے، حالانکہ یہ ساری نورا کشتی ہے۔ دونوں ایک ہی ہیں اور عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ میں نے تو اسمبلی اجلاس میں کہا تھا کہ اگر یہ سنجیدہ ہیں تو عدمِ اعتماد لائیں، ہم ساتھ دیں گے۔ مگر رات کو کباب و شباب کھا کر انہوں نے مک مکا کر لیا۔

اب دو تین مہینے خاموش رہیں گے، پھر نورا کشتی کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار سب کے سامنے ہے۔ جب فیصلہ ہمارے حق میں ہوتا ہے تو یہ سپریم کورٹ کے حکم کو بھی نہیں مانتے۔ الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا ہمارے اراکینِ صوبائی اسمبلی کو چاہے پی ٹی آئی کا قرار دے، آزاد یا سنی اتحاد کونسل کا، وہ سب عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان شاءاللہ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین کو بنایا بھی عمران خان نے تھا اور ہٹایا بھی انہوں نے۔ سہیل آفریدی ایک مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہے، جس نے انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن سے عملی سیاست کا آغاز کیا۔ یہ ایک نئی شروعات ہے اور ہم اس سے اچھی اُمید رکھتے ہیں۔ پارٹی عہدے آتے جاتے رہتے ہیں، اصل چیز آپ کا مقصد ہوتا ہے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات