Live Updates

یہ ہائبرڈ نظام کسی صورت نہیں چل سکتا، آئین قانون کی بالادستی ہوگی تو ملک چلے گا

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کا نظام اس طرح چل سکتا ہے توغلط فہمی ہیں، 12 اکتوبر کے اجلاس میں جلسوں کا شیڈول اور جامع لائحۂ عمل پیش کریں گے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:17

یہ ہائبرڈ نظام کسی صورت نہیں چل سکتا، آئین قانون کی بالادستی ہوگی تو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر 2025ء) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ یہ ہائبرڈ نظام کسی صورت نہیں چل سکتا، آئین قانون کی بالادستی ہوگی تو ملک چلے گا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ ہائبرڈ نظام کسی صورت نہیں چل سکتا۔ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی ملک چلے گا۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کا نظام اس طرح چل سکتا ہے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔

ان شاء اللہ 12 اکتوبر کو تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا سربراہی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں ہم ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول اور ایک جامع لائحۂ عمل پیش کریں گے۔ اسد قیصر نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ پیپلز پارٹی دو کشتیوں کی سوار ہے۔ وہ دنیا کو یہ دکھا رہے ہیں کہ پنجاب میں ان کی کوئی لڑائی ہے، حالانکہ یہ ساری نورا کشتی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ایک ہی ہیں اور عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

میں نے تو اسمبلی اجلاس میں کہا تھا کہ اگر یہ سنجیدہ ہیں تو عدمِ اعتماد لائیں، ہم ساتھ دیں گے۔ مگر رات کو کباب و شباب کھا کر انہوں نے مک مکا کر لیا۔ اب دو تین مہینے خاموش رہیں گے، پھر نورا کشتی کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار سب کے سامنے ہے۔ جب فیصلہ ہمارے حق میں ہوتا ہے تو یہ سپریم کورٹ کے حکم کو بھی نہیں مانتے۔

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا ہمارے اراکینِ صوبائی اسمبلی کو چاہے پی ٹی آئی کا قرار دے، آزاد یا سنی اتحاد کونسل کا، وہ سب عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان شاءاللہ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین کو بنایا بھی عمران خان نے تھا اور ہٹایا بھی انہوں نے۔ سہیل آفریدی ایک مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہے، جس نے انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن سے عملی سیاست کا آغاز کیا۔

یہ ایک نئی شروعات ہے اور ہم اس سے اچھی اُمید رکھتے ہیں۔ پارٹی عہدے آتے جاتے رہتے ہیں، اصل چیز آپ کا مقصد ہوتا ہے۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف اور کے ارکان اسمبلی کو آزاد قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کےحکم کی روشنی میں تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی پارٹی پوزیشن جاری کردی۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سپریم کورٹ کے 25 اگست کے فیصلے کی روشی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین کو آزاد ظاہر کر دیا۔ فہرست میں سنی اتحاد کونسل کے ایک رکن کو ظاہر کیا گیا ہے۔ تمام اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشنز میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور نئی فہرستیں جاری کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب کیسے ہوگا؟ طریقہ کار منظر عام پر آگیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اپنا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کریں گے، گورنر استعفیٰ کی سمری پر 48 گھنٹوں میں دستخط کرکے استعفیٰ کی منظوری دیں گے۔استعفیٰ منظور ہونے پرخیبر پختونخوا کی کابینہ بھی تحلیل ہو جائے گی۔ استعفیٰ منظوری کے بعد پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کی توثیق کی جائے گی ۔

نامزد وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے سپیکر کی جانب سے اسمبلی اجلاس طلب کیا جائے گا۔اسمبلی اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے نامزد وزیراعلیٰ کو اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے 145 اراکین کے ایوان میں اکثریت کے لئے 73 اراکین کی حمایت درکار ہوگی، پی ٹی آئی کو 90 سے زائد اراکین کی اکثریت حاصل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات