Live Updates

گورنرخیبرپختونخوا نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تردید کردی

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:20

گورنرخیبرپختونخوا نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تردید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تردید کر دی ہے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس آفیشلی وزیراعلیٰ کا استعفیٰ نہیں آیا، جب استعفیٰ آئیگا تو قانون کے مطابق کارروائی کروں گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ ملٹری سیکرٹری کو استعفیٰ موصول ہونا فیک نیوز ہے، جب ووٹنگ ہوگی تو ایک نہ ایک شخص نے وزیراعلیٰ بننا ہے، جس کی زیادہ ووٹنگ ہوگی وہی وزیراعلیٰ بنے گا، اپوزیشن جماعتوں کے وزیراعلیٰ کے امیدوار کا اپوزیشن لیڈر ہی بتا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے 8 اکتوبر کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا، علی امین گنڈا پور نے بھی عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے حکم پر وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی، یہ امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفی دے رہا ہوں، تاہم سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل ہوگی اور ہم عمران خان کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہوکر آگے بڑھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات