Live Updates

ٹی ایل پی غزہ مارچ نہیں بلکہ فساد اورانتشار پھیلانے کے لیے نکلنا چاہ رہی تھی، ریاست اور سکیورٹی ادارے کسی بھی جماعت کو سیاسی یا مذہبی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، سینیٹر طلال چوہدری

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:43

ٹی ایل پی غزہ مارچ نہیں بلکہ فساد اورانتشار پھیلانے کے لیے نکلنا چاہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی غزہ مارچ نہیں بلکہ فساد اور انتشار پھیلانے کے لیے نکلنا چاہ رہی تھی،ریاست اور سکیورٹی ادارے کسی بھی جماعت کو سیاسی یا مذہبی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے ، ایسے لوگوں کے لیے اسلام آباد نو گو ایریا ہے، پنجاب اور اسلام آباد سے ٹی ایل پی کے گرفتار ہونے والے عہدیداروں اور کارکنان سے شیشے کی گولیاں، کیل والے ڈنڈے اور مہلک کیمیکل برآمد ہوا ہے ،یہ لوگ پولیس اور سکیورٹی اداروں پر حملے کے لیے آئے ہوئے تھے۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایسے حالات میں جب عوام کی امنگوں کے مطابق فلسطین کا معاملہ حل ہونے جا رہا ہے تو اس وقت اسلام آباد یا پاکستان میں اشتعال پھیلا کر اس امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پی ڈی ایم حکومت اور موجودہ حکومت کے دور میں ہر فورم پر غزہ کا معاملہ اٹھایا اور اس کے حل کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آج جو حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں ، اس میں بھی پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے ایک قانون بنایا ہے اور کچھ ایس او پیز ہیں اس پر عمل کرنا لازمی ہے ،آج بھی جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا اس کے لیے باقاعدہ حکومت سے اجازت لی اور وہ خوش اسلوبی سے مکمل ہو گیا ، ٹی ایل پی بتائے کہ اس نے احتجاج کے لیے حکومت سے اجازت لی یا کسی قسم کے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا ہے تو بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل بی کے سربراہ کی اشتعال انگیز تقریر اور گالم گلوچ سب کے سامنے ہے، سوشل میڈیا پر واویلا کیا گیا کہ ہمارے کارکنان مارے گئے ہیں ،اگر کوئی زخمی یا جاں بحق ہوا ہے تو شواہد دیئے جائیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب سے ٹی ایل پی کے عہدیداران اور بنیادی کارکنان گرفتار کیے گئے ہیں ان کے قبضے سے برآمد ہونے والا سامان پولیس اور سکیورٹی اداروں پر حملے کے لیے استعمال ہونا تھا جو کہ ثابت کرتا ہے کہ یہ غزہ مارچ نہیں بلکہ انتشار اور فساد پھیلانے والا مارچ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ٹی ایل پی نے ایک ایسے وقت میں اس نوعیت کا مارچ کرنا چاہا جب پاکستان کی مسلح افواج اور پاکستان کی قوم بھارتی جارحیت کا جواب دینے میں لگی ہوئی تھی۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ ٹی ایل پی نے غزہ مارچ کے لئے جو چند اکٹھا کیا اس سے کیل والے ڈنڈے شیشے کی گولیاں اور کیمیکل خریدا ہے، اس کے بھی ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

اب ثابت ہو چکا ہے کہ ٹی ایل پی مذہب کے نام پر غنڈہ گردی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ لوگ اپنے نظریے اور فیصلے کے ساتھ سنجیدہ ہیں تو ٹی ایل پی کے سربراہ کیوں چھپتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وفاق کے پاس ویڈیوز موجود ہیں جس میں ٹی ایل پی کے عہدیدار اور کارکنان پولیس اور سکیورٹی اداروں پر پہلے حملہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کی آڑ میں فسادات میں ہونے والے تمام نقصانات کے ذمہ دار ٹی ایل پی کے سربراہ اور عہدیداران ہوں گے۔ایک سوال کا جواب انہوں نے کہا کہ بدقسمتی میں ماضی میں ٹی ایل پی کے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے اور شدید زخمی ہونے والے پولیس افسران و ملازمین کے مقدمات میں نامزد ملزمان کو سزائیں نہیں مل سکی لیکن اب وزارت داخلہ اور ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ ان مقدمات میں ٹی ایل پی کے نامزد افراد کو گرفتار کر کے عدالتوں کے ذریعے سزاؤں کے عمل سے گزاریں گے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح سکیورٹی اداروں پر حملہ آور نہ ہو سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے سربراہ کے پاس موجود وی ایٹ گاڑی کہاں سے آئی؟۔ایک سوال کا جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی کسی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی جتھے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ریڈ زون سمیت پورا اسلام آباد کھلا ہوا ہے تاہم جڑواں شہر ہونے کی وجہ سے حفاظتی انتظامات کے لیے فیض آباد کے مقام پر کچھ کنٹینر رکھے گئے ہیں لیکن ابھی تک سڑکیں بند نہیں کیں۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات