ازا خیل ڈرائی پورٹ پر کسٹمز لیبارٹری نے کام شروع کردیا

پہلے ان اشیا کے نمونے جانچنے کے لئے کراچی، لاہور اور فیصل آباد کی لیبارٹریوں کو بھیجے جاتے تھے

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) پاکستان کسٹمز نے تجارت میں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ازا خیل ڈرائی پورٹ پر ایک نئی کسٹمز لیبارٹری قائم کر دی ہے۔ یہ لیبارٹری کپڑوں، پلاسٹک اور پلاسٹک سے بنی مصنوعات، خوردنی اشیاء اور رنگوں کو جانچنے کے لیے بنیادی آلات سے لیس ہے۔اس سے پہلے ان اشیا کے نمونے جانچنے کے لئے کراچی، لاہور اور فیصل آباد کی لیبارٹریوں کو بھیجے جاتے تھے جس میں کئی دن لگ جاتے تھے اور اخراجات میں اضافہ ہو جاتا تھا۔

اب تقریباً 80 فیصد نمونوں کی جانچ مقامی لیبارٹری میں ہی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ازاخیل میں کسٹمز لیبارٹری کے قیام سے درآمد کنندگان کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ انہوں نے لیبارٹری کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے کیونکہ اس سے کلیئرنس میں کم وقت صرف ہوگا ، لاگت میں کمی آئے گی اور ڈرائی پورٹ پر مال کے رکے رہنے کا دورانیہ کم ہوجائے گا۔سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر جنید الطاف نے بھی لیبارٹری کے قیام کو سراہا ہے۔مستند نمونوں کی فوری جانچ کی وجہ سے کسٹمز کنٹرولز میں بھی بہتری آئے گی۔ اس کے علاوہ، ایک جدید ترین لیبارٹری جلد ہی طورخم بارڈر اسٹیشن پر بھی آئی ٹی ٹی ایم ایس منصوبے کے تحت فعال ہو جائے گی۔