سوشل میڈیا پر نوعمر لڑکوں کو خواتین سے متعلق منفی مواد دکھائے جانے کا انکشاف

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:45

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر نوعمر لڑکوں کو بڑے پیمانے پر ایسا مواد دکھایا جا رہا ہے جو اِنہیں ڈیجیٹل مردانگی اور خواتین کے بارے میں منفی خیالات رکھنے کی جانب سے راغب کر رہا ہے۔امریکی تنظیم کامن سینس میڈیا کے سروے کے مطابق 73 فیصد لڑکے ایسے مواد سے متاثر ہو رہے ہیں جس میں لڑائی، طاقت اور دولت کمانے جیسے تصورات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تحقیق کے مطابق ایسے مواد کو زیادہ دیکھنے والے لڑکوں میں خود اعتمادی کی کمی، تنہائی اور جذبات چھپانے کی عادت پائی جاتی ہے جبکہ 91 فیصد نوجوان جسمانی خدوخال اور 69 فیصد صنفی کرداروں سے متعلق متنازع پیغامات دیکھتے ہیں۔ماہرین کے مطابق اس طرح کے پیغامات خواتین کے خلاف منفی رویے کو فروغ دیتے ہیں اور نوجوانوں میں عام کرتے ہیں اور بعض اوقات تشدد کو بھی جنم دیتے ہیں۔ماہرین نے والدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں سے سوشل میڈیا کے اثرات پر بات کریں، اِنہیں مثبت رول ماڈلز فراہم کریں اور صحت مند آف لائن سرگرمیوں میں شامل کریں تاکہ وہ سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔