وکلا برادری عدلیہ اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے، چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 23:07

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) وکلا برادری عدلیہ اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے، انصاف کی فراہمی میں وکلا کی ذمہ داری نہایت اہم ہے، کیونکہ منصفانہ شفاف قانونی نظام ہی کسی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے، بار اور بینچ کے درمیان باہمی احترام، تعاون کے بغیر انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جا سکتے۔

ان خیالات کا اظہار صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نےبار روم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وکلا کو چاہیے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھاریں، نوجوان وکلا کی رہنمائی کریں اور عدالتوں میں پیشہ ورانہ اخلاقیات کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ میں سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں وکلا ہال کی تزئین و آرائش، لائبریری میں جدید قانونی کتب کی فراہمی، اور ڈیجیٹل ریکارڈ سسٹم کی تنصیب شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بار ایسوسی ایشن وکلا کے مسائل کے حل کے لیے حکومت اور عدلیہ کے ساتھ قریبی روابط میں ہے تاکہ وکلا کو ان کے کام کے مطابق سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نے اس بات پر زور دیا کہ وکلا کو اپنے کردار کے ذریعے معاشرے میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے وکلا ہمیشہ جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے صفِ اول میں رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنے اس مثبت اور اصولی کردار کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے نوجوان وکلا پر زور دیا کہ وہ مطالعہ، تحقیق اور عدالتی آداب کو اپنی پیشہ ورانہ ترقی کا لازمی حصہ بنائیں۔

متعلقہ عنوان :