Live Updates

مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی کو خیرباد کہہ دیا

میں نے جماعت اسلامی چھوڑ دی ہے مگر میرا جماعت اسلامی کے ساتھ احترام کا رشتہ آج بھی قائم ہے، میں کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گا، سابق سینیٹر کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعرات 9 اکتوبر 2025 22:40

مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی کو خیرباد کہہ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر2025ء) سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی کو خیرباد کہہ دیا، انہوں نے کہا میں نے جماعت اسلامی چھوڑ دی ہے مگر میرا جماعت اسلامی کے ساتھ احترام کا رشتہ آج بھی قائم ہے، میں کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما مشتاق احمد خان نے جماعت سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ میں نے جماعت اسلامی چھوڑ دی ہے لیکن میں کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گا۔ میں ماہ رنگ بلوچ ، علی وزیر ، منظور پشتین سے ملنا چاہتا ہوں۔ میں عمران خان کے فری ٹرائل کی بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے 19 ستمبر کو صمود فلوٹیلا پر سفر کے دوران جماعت اسلامی سے استعفیٰ دیا، مگر میرا جماعت اسلامی کے ساتھ احترام کا رشتہ آج بھی قائم ہے۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد خان نے کہا کہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور فلسطین کاز کیلئے کام کرتا رہوں گا، اب میں انسانی حقوق کیلئے کام کروں گا، میں کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے میرا احترام اور عزت کا رشتہ ہے، وہ میرے ساتھ ہمیشہ رہے گا، میں ممنون احسان تا حیات اور قبر تک رہوں گا۔ اس سے قبل جمعرات کے روز گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل سابق سنیٹر مشتاق احمد اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔

مشتاق احمد خان اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد اردن پہنچے تھے ، آج عمان سے گلف ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔ جہاں عوام کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ مشتاق احمد خان کے استقبال کے لیے آنے والے شہریوں نے فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے گلے میں فلسطین کا کفیہ بھی پہن رکھا تھا۔

اسی حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اردن میں پاکستانی سفارتخانے نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، جنہیں اسرائیل نے گزشتہ ہفتے فلوٹیلا کو روکنے کے بعد حراست میں لیا تھا، بحفاظت پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ سابق سنیٹر مشتاق احمد خان نے اسرائیلی فورسز سے رہائی ملنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری ہے گی، اسرائیلی ناکہ بندی کو دوبارہ توڑیں گے۔

رہائی کے بعد جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے بتایا کہ مجھے الحمداللہ رہائی مل چکی ہے اور میں اردن پہنچ چکا ہوں تاہم دورانِ حراست اسرائیلی فورسز نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، 6 دن اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل میں قید رہے جہاں ہم پر کتے چھوڑے گئے، پیروں میں بیٹریاں ڈالی گئیں اور جسمانی و ذہنی اذیت دی گئی، پانی تک رسائی بھی نہیں دی گئی، ہم نے مطالبات کے حق میں 3 دن بھوک ہڑتال کی۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ 5 سے 6 روز قید میں رکھنے کے بعد 150 ساتھیوں سمیت مجھے رہا کر دیا گیا، اس وقت اردن میں موجود ہوں اور جلد پاکستان واپسی کا ارادہ ہے لیکن نسل کشی کرنے والے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے اور غزہ کو بچانے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہم اسرائیل کے خاتمے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات