نو رکنی ترک وفد کا پارلیمنٹ ہائوس اور گلی دستور اسلام آباد کا تفصیلی دورہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تسلسل میں نو رکنی ترک وفد نے پارلیمنٹ ہائوس اور گلی دستور اسلام آباد کا تفصیلی دورہ کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل اور ایوان بالا کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ بھی کروایا گیا، جہاں انہیں پاکستان کی جمہوری تاریخ، پارلیمانی روایات اور ایوانِ بالا کی اہم خدمات پر مبنی معلوماتی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ وفد نے سینیٹ ہال میں جاری اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا اور پارلیمانی عمل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ترک وفد نے سینیٹر نورالحق قادری سے ملاقات بھی کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سینیٹر نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ عالمی و علاقائی فورمز پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق وفد نے گلی دستور اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کے آئینی و جمہوری ارتقاء اور پارلیمان کے تاریخی کردار اور آئین پاکستان کی تشکیل کے مراحل سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔

وفد کے اراکین نے گلی دستور میں موجود تاریخی تصاویر، دستاویزات اور یادگاروں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ترک وفد نے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے مہمان نوازی، معلوماتی بریفنگ اور گلی دستور کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جمہوری روایات اور پارلیمانی تاریخ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔