دیوار برلن کے انہدام سے جرمنی کے عوام میں نئی امید پیدا ہوئی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 9 اکتوبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دیوار برلن کے انہدام کے 35 سال مکمل ہونے پر جرمنی کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پینتیس سال قبل آج ہی کے روز جرمنی کے عوام نے دنیا کو امن، امید اور غیر متزلزل عزم کا پیغام دیا، پاکستان کی حکومت جرمنی کے ساتھ اپنے قریبی تعاون کو مزید مضبوط اور مربوط بنائے گی۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں جرمنی کے سفارت خانے کے زیر اہتمام دیوار برلن کے انہدام کے 35 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ اس تاریخی موقع پر جرمنی کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس روز جرمنی ایک ہوا۔

(جاری ہے)

دیوار برلن گرنے سے جرمنی کے عوام میں ایک نئی امید پیدا ہوئی، امن، ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پینتیس سال قبل آج ہی کے روز جرمنی کے عوام نے دنیا کو امن امید اور غیر متزلزل عزم کا پیغام دیا تھا، پاکستان کی حکومت اور عوام جرمنی کے اتحاد میں کردار ادا کرنے والی تمام شخصیات کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جرمنی کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔

دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات 1951 میں قائم ہوئے جبکہ تجارت، توانائی، ووکیشنل ٹریننگ، تعلیم، صحت اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں جرمنی کے تعاون کے مشکور ہیں، جرمنی پاکستان کا بااعتماد شراکت دار ہے اور اس کے تعاون سے مکمل کئے گئے منصوبے دونوں ملکوں کے دوستانہ روابط کی روشن مثال ہیں۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی حکومت جرمنی کے ساتھ اپنے قریبی اور عوامی سطح پر روابط و تعاون کو مزید فروغ دے گی۔ انہوں نے جرمنی کی ترقی و خوشحالی اور پاکستان جرمنی تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔