نوبیل امن انعام جیتنے والی ماریہ کورینا کون ہیں؟ ٹرمپ کی بجائے انہیں کیوں یہ پرائز دیا گیا؟ تفصیل جاری

ماریہ کورینا نے آزاد اور منصفانہ انتخابات کے حق میں آواز اٹھائی، وینزویلا میں آزاد انتخابات اور جمہوری نظام کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کو متحد کیا، عدلیہ کی آزادی، انسانی حقوق اور عوامی نمائندگی کی حمایت کی؛ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:50

نوبیل امن انعام جیتنے والی ماریہ کورینا کون ہیں؟ ٹرمپ کی بجائے انہیں ..
اوسلو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر 2025ء ) نوبیل امن انعام جیتنے والی ماریہ کورینا کون ہیں؟ ٹرمپ کی بجائے انہیں کیوں یہ پرائز دیا گیا؟ تفصیل جاری کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ماریہ کورینا مچاڈو کا تعلق وینزویلا سے ہے جو وہاں کی معروف سیاست دان، انجینئر اور جمہوریت کی علمبردار ہیں، انہوں نے طویل عرصے تک اپنے ملک میں انسانی حقوق، آزاد انتخابات اور جمہوری نظام کے قیام کے لیے آواز بلند کی، آمریت کے دباؤ، سیاسی پابندیوں اور ذاتی خطرات کے باوجود ماریہ نے جمہوریت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی جس کے اعتراف میں انہیں 2025ء کا نوبل امن انعام دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ماریا کورینا مچاڈو انجینئرنگ اور فنانس کی تعلیم یافتہ ہیں، کاروباری شعبے میں مختصر عرصے تک کام کرنے کے بعد انہوں نے سال 1992 میں ’اَتینیا فاؤنڈیشن‘ قائم کی، جو سڑکوں پر رہنے والے بچوں کی فلاح کے لیے کام کرتی ہے، 2002ء میں انہوں نے ایک ’سوماتے‘ نامی تنظیم کی بنیاد رکھی جو آزاد اور منصفانہ انتخابات کے فروغ کے لیے سرگرم ہے اور انتخابی تربیت و مانیٹرنگ کے کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ماریہ کورینا مچاڈو وینٹے وینیزویلا پارٹی کی سربراہ ہیں، وہ 2010ء میں پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئیں اور ریکارڈ ووٹ حاصل کیے، تاہم 2014ء میں انہیں برطرف کردیا گیا، جس کے بعد 2017ء میں انہوں نے ’سوئی وینیزویلا‘ اتحاد کی بنیاد رکھی جس نے مختلف جمہوریت پسند قوتوں کو متحد کیا، ماریہ کورینا کو آئرن لیڈی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جنہوں نے وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کیلئے مسلسل جدوجہد کی، جس کی وجہ سے ماریہ کورینا لاطینی امریکہ میں عوامی بہادری کی غیر معمولی مثال سمجھی جاتی ہیں اور ماریہ کورینا کو 2018ء میں بی بی سی نے دنیا کی 100 طاقتور خواتین میں شامل کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ ماریہ کورینا نے آزاد اور منصفانہ انتخابات کے حق میں آواز اٹھائی، ماریہ کورینا نے وینزویلا میں آزاد انتخابات اور جمہوری نظام کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کو متحد کیا، انہوں نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی، انسانی حقوق اور عوامی نمائندگی کے اصولوں کی حمایت کی، انہوں نے 2024ء کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا مگر حکومت نے انہیں انتخابات لڑنے سے روک دیا تو انہوں نے اپوزیشن کے متبادل امیدوار ایڈمنڈو گونزالیز یورّتیا کی حمایت کی اور تمام تر شواہد ان کے فاتح ہونے کی نوید سنا رہے تھے لیکن حکومت نے اپنی جیت کا اعلان کرکے اقتدار پر گرفت مزید مضبوط کرلی۔