البانیہ،کیس کا فیصلہ سنتے ہی ملزم نے جج پر فائرنگ کر دی، جج جاں بحق

جمعہ 10 اکتوبر 2025 15:22

تیرانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) البانیہ کے دارالحکومت ترانا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں عدالت میں کیس کا فیصلہ سنتے ہی ملزم نے جج پر فائرنگ کر دی، جس سے جج موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پراپرٹی تنازع کے کیس کے دوران پیش آیا۔ فائرنگ سے جج ایسترت کلاجا شدید زخمی ہوئے اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

واقعے میں کیس کے درخواست گزار باپ اور بیٹا بھی گولیوں کا نشانہ بنے اور زخمی ہو گئے، تاہم اسپتال حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس نے 30 سالہ حملہ آور ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے سکیورٹی گارڈ چچا کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے ملزم کو پستول کے ساتھ عدالت میں داخل ہونے دیا۔پولیس کے مطابق جج نے جیسے ہی کیس کا فیصلہ سنایا، ملزم نے غصے میں آکر پستول نکالی اور جج پر کئی گولیاں داغ دیں۔ اس کے بعد اس نے درخواست گزار باپ بیٹے پر بھی فائرنگ کی، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔