جنگ بندی کی نگرانی، امریکی فوجی دستہ غزہ جانے کیلیے تیار

امریکی فوجی براہ راست غزہ میں داخل نہیں ہوں گے، اعلی اہلکار

جمعہ 10 اکتوبر 2025 16:11

جنگ بندی کی نگرانی، امریکی فوجی دستہ غزہ جانے کیلیے تیار
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ تقریبا 200 فوجی اہلکاروں کو اسرائیل بھیج رہا ہے، جو غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی نگرانی، انسانی امداد کی فراہمی اور سیکیورٹی و لاجسٹک تعاون کے لیے قائم کیے جانے والے سول-ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کا حصہ ہوں گے۔عرب میڈیا کے مطابق حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی سربراہی میں یہ کوآرڈینیشن سینٹر اسرائیل میں قائم کیا جائے گا، جہاں سے غزہ میں انسانی امداد، تعمیر نو اور سیکیورٹی معاملات کی نگرانی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اس مشن میں صرف امریکی فوجی ہی شامل نہیں ہوں گے بلکہ شریک ممالک، غیر سرکاری تنظیموںاور نجی شعبے کے ماہرین بھی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ایک اعلی اہلکار کے مطابق امریکی فوجی براہ راست غزہ میں داخل نہیں ہوں گے بلکہ اسرائیل میں رہتے ہوئے نقل و حمل، سیکیورٹی، منصوبہ بندی، لاجسٹکس اور انجینئرنگ جیسے شعبوں میں معاونت فراہم کریں گے۔ایک اور امریکی اہلکار نے بتایا کہ یہ فوجی دستہ دنیا کے مختلف حصوں سے آرہا ہے اور ان کی آمد کا عمل جاری ہے۔ یہ اہلکار آئندہ چند دنوں میں سینٹر کے قیام کے لیے ابتدائی منصوبہ بندی شروع کر دیں گے۔