کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت ڈویژنل ویٹ کمیٹی کا اجلاس، گندم اگاؤ مہم کے اقدامات کا جائزہ لیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژن میں گندم اگاؤ مہم کے حوالے سے جاری اقدامات پرڈویژنل ویٹ کمیٹی کا اجلاس کمشنر راجہ جہانگیر انور کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز،ڈائریکٹر زراعت،کسان رہنما،ڈیلرز اور سیڈ کمپنی کے عہدیداران موجودتھے۔

ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ ڈویژن میں 18 لاکھ 34 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل کی کاشت کا ہدف مقررہے۔اس سال کاشت کے لئے موزوں 57 ہزار 318 ایکڑ سرکاری اراضی پر بھی گندم کاشت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں گندم کا بیچ ہدف سے زائد مقدار میں دستیاب ہے۔275 زرعی انٹرنز فیلڈ میں محکمہ زراعت کی معاونت کے لئے متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

64 ہزار کسانوں میں کسان کارڈز تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

حکومت پنجاب نے گندم کی فی من قیمت 3500 روپے مقرر کر دی ہے۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژن میں گندم کاشت کرنے سے پہلے نمبرداروں اور پٹواریوں سے کسانوں کی رائے شماری(پلس رپورٹ)لیں ، اس ضمن میں زمینی حقائق کے مطابق دیانتدارانہ سروے ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سہولیات فراہم کریں،نمائشی کام سے اجتناب کریں۔مقامی سطح کے مسائل حل جبکہ صوبائی سطح کے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لائے جائیں گے۔