اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو نانبائیوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے روٹی، نان کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔صدر نان بائی ایسوسی ایشن سجاد عباسی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے اسٹیٹ کونسل ملک عبدالرحمن پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سجاد عباسی نے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود تندور سیل اور جرمانے عائد کیے جارہے ہیں۔اسٹیٹ کونسل نے مو قف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی نانبائیوں سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں جس پر سجاد عباسی نے کہا کہ انتظامیہ نے نانبائیوں سے کوئی میٹنگ نہیں کی۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے ضلعی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا اور عدالتی حکم نامہ خود لے جا کر ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کو دینے کی ہدایت کی۔ جسٹس نے مزید کہا کہ حکم نامہ آپ خود دیں پھر میں آگے دیکھتا ہوں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :