اسلام آباد پر کسی جتھے کو چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی

جو بھی شخص یا گروہ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا، ریاست اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی، وزیر داخلہ محسن نقوی

جمعہ 10 اکتوبر 2025 23:10

اسلام آباد پر کسی جتھے کو چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی جتھے یا گروہ کو اسلام آباد یا کسی بھی شہر پر چڑھائی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون کی رِٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور جو بھی شخص یا گروہ قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا، ریاست اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ رات گئے فیض آباد کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے رات گئے تک ڈیوٹی دینے والے اسلام آباد پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے جوانوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت دی کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے کھانے پینے اور آرام کے تمام انتظامات یقینی بنائے جائیں۔وزیرِ داخلہ نے واضح پیغام دیا کہ ریاست اپنی رِٹ ہر صورت قائم رکھے گی، امن میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا، “آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، قانون کی عملداری میں آپ کا کردار بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ کسی کو بھی ملک کے دارالحکومت کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔”دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیرِ داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔