اسرائیل دراندازی اور دھمکی آمیز رویہ ترک کرے، یونیفیل

یو این ہفتہ 11 اکتوبر 2025 03:15

اسرائیل دراندازی اور دھمکی آمیز رویہ ترک کرے، یونیفیل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 11 اکتوبر 2025ء) لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر تعینات اقوام متحدہ کی عبوری امن فورس (یونیفیل) نے اطلاع دی ہے کہ اس کی عملداری والے علاقے میں اسرائیلی فوج کی عسکری موجودگی اور سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔

فورس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کی فوج نے مشرقی سیکٹر میں سردا کے قریب شمال کی جانب بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

علاوہ ازیں، گاڑیوں پر سوار اسرائیلی فوجیوں نے اس علاقے میں اقوام متحدہ کی ایک چوکی پر تعینات مشن کے اہلکاروں کی جانب سبز لیزر کی روشنی بھی پھینکی۔

اس سے ایک روز قبل، ایک اسرائیلی فوجی نے مغربی سیکٹر میں مروحين کے قریب اقوام متحدہ کے امن کاروں کی طرف بندوق تان لی تھی۔

(جاری ہے)

امن مشن نے ایسے دھمکی آمیز اقدامات کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

غیر قانونی اسلحہ برآمد

بدھ کو یونیفیل کی ایک گشتی ٹیم نے لبنان کی حدود میں ایک غیر قانونی اسلحہ ڈپو کی باقیات دریافت کیں جس میں مارٹر شیل سمیت گولہ بارود بھی موجود تھا۔ فورس نے حسب معمول اس بارے میں لبنانی فوج کو مطلع کر دیا ہے۔

یونیفیل لبنانی فوج کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایک روز قبل بحری ٹاسک فورس کے جہاز پر لبنانی فضائیہ کے ساتھ ایک ہیلی کاپٹر کو اتارنے کی مشق بھی کئی گئی۔ علاوہ ازیں، رواں ہفتے یونیفیل نے لبنانی فوج کے اہلکاروں کے ساتھ انجینئرنگ کی تربیتی سرگرمیاں بھی انجام دی ہیں۔