حکومت پنجاب نے موسم اور سموگ کی معلومات فراہم کرنے کیلئے انوائرمنٹ واٹس ایپ چیٹ باکس کا آغاز کردیا

شہری گھر سے نکلنے سے پہلے چیٹ باکس سے پیشگی معلومات حاصل کرسکیں گے، چیٹ باکس شہریوں ماحول اور صحت کے تحفظ سے متعلق مشورے بھی فراہم کرے گا۔ سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:19

حکومت پنجاب نے موسم اور سموگ کی معلومات فراہم کرنے کیلئے انوائرمنٹ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 اکتوبر 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان کے پہلے ” انوائرمنٹ واٹس ایپ چیٹ باکس“ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ یہ نظام شہریوں کو ماحول، فضائی معیار، موسم اور سموگ سے متعلق فوری معلومات فراہم کرے گا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ایک اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے جو ماحول دوستی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ چیٹ باکس شہریوں کے ماحول سے متعلق سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ ساتھ صحت کے تحفظ سے متعلق مشورے بھی فراہم کرے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جدید اے آئی (Artificial Intelligence) ٹیکنالوجی سے تیار کردہ یہ چیٹ باکس شہریوں کو ’اے کیو آئی‘ (AQI) یعنی فضائی معیار کے بارے میں مسلسل آگاہ رکھے گا اور موسم و سموگ کی صورتحال پر تازہ خبریں فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

شہری گھر سے نکلنے سے پہلے اس چیٹ باکس کے ذریعے پیشگی معلومات حاصل کرکے خود کو موسمی حالات کے اثرات سے محفوظ رکھ سکیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہری 0304-1373000 نمبر پر واٹس ایپ کے ذریعے ”انوائرمنٹ چیٹ باکس“ سے منسلک ہو سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے انہیں اپنے علاقے کے فضائی معیار، ماحولیاتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق رہنمائی میسر ہوگی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ پنجاب ملک کا پہلا اور واحد صوبہ ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی کو ماحول دوستی، فضائی معیار کی بہتری اور عوامی آگاہی کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت پہلے ہی ماحول دوست جدید مشینری متعارف کرا چکی ہے، جبکہ موسم اور سموگ کی نگرانی و پیشگی اطلاعات کے لیے جدید نظام بھی کامیابی سے قائم کیا جا چکا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے ”انوائرمنٹ واٹس ایپ چیٹ باکس“ کی تیاری اور آغاز پر پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی شہریوں کی زندگیوں اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے حکومتِ پنجاب کی طرف سے ایک قیمتی تحفہ ہے. ماحول دوستی دراصل انسان دوستی ہے، ہر شہری انسانی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔