صوبائی محتسب کا لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی میں کردار اہم ہے، گورنر پنجاب

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب کا درخواستوں کو مختصر دورانیہ میں نمٹانا اور لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی میں کردار اہم ہے۔ صوبائی محتسب کا ادارہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں سائلین کی دادرسی کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر مملکت کے قانونی مشیر جسٹس (ر) عرفان قادرسے ملاقات گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں وفاقی اور صوبائی محتسب کے ادارے غریب عوام کو انصاف کی فراہمی میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محتسب پنجاب کا ادارہ لوگوں کو سستے اور فوری انصاف مہیاکرنے کا آسان اور موثر ترین ذریعہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں سائلین کی دادرسی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کے ادارے کی مکمل ڈ یجٹلائزیشن اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے موبائل ایپ جیسے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے ۔