جامعہ کراچی کی بس کی زد میں آ کر شعبہ سماجی بہبود کی طالبہ جاں بحق

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) جامعہ کراچی کی بس کی زد میں آ کر شعبہ سماجی بہبود کی سال دوم کی طالبہ جاں بحق ہوگئیں ۔جاری اعلامیہ کے مطابق وائس چانسلر جامعہ کراچی، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کیمپس سکیورٹی ایڈوائزر اور قائم مقام مشیر امور طلبہ کو فوری طور پر ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال روانہ کیا اور متاثرہ طالبہ کے لواحقین سے فوری رابطہ قائم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے مرحومہ کے خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔وائس چانسلر نے واقعہ کی شفاف تحقیقات کے لیے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے پوائنٹ بس کے ڈرائیور کو معطل کر دیا ہے اور ایک چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

(جاری ہے)

اس کمیٹی کی سربراہی صدر شعبہ جرمیات، پروفیسر ڈاکٹر ناعمہ سعید کو سونپی گئی ہے، جبکہ دیگر اراکین میں جامعہ این ای ڈی کے ٹرانسپورٹ انچارج اور شعبہ سماجی بہبود کے دو طلبہ شامل ہیں۔

کمیٹی حادثے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اپنی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں آئندہ ایسے ناگہانی واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر ذاتی طور پر تعزیت کی اور جامعہ کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔جامعہ کراچی اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور طالبہ کی ناگہانی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتی ہے۔