سیالکوٹ، دو ڈکیت گینگز کے سرغنہ سمیت چھ خطرناک ملزمان گرفتار، 1 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان اور اسلحہ برآمد

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 13:04

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) سیالکوٹ پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے جاری بھرپور مہم کے دوران ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تھانہ حاجی پورہ کی حدود میں دو خطرناک ڈکیت گینگز کے سرغنہ سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی ایس پی سٹی سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حاجی پورہ انسپکٹر غازی عبدالرزاق نے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر حکمت عملی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ان ملزمان کو گرفتار کیا، جو اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی، زیورات، قیمتی موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا، جس میں 31 لاکھ روپے نقدی، 4000 سعودی ریال، 6 عدد موٹر سائیکلیں، 6 قیمتی سمارٹ فونز، 4 عدد 30 بور پسٹل بمعہ متعدد گولیاں شامل ہیں۔گرفتار ملزمان میں عامر سہیل ولد محمد رفیق سکنہ فتح گڑھ، رضوان علی ولد سلامت علی سکنہ سہنے والی، حال مقیم ہنٹر پورہ، محمد شہباز ولد محمد بوٹاسکنہ گھنٹہ گھر چوک کینٹ، محمد جبار ولد محمد سرورسکنہ گھنٹہ گھر چوک کینٹ، محمد راشد ولد مختار احمدسکنہ بہاولپور، حال مقیم میانہ پورہ، محمد ندیم ولد مشتاق احمدسکنہ عدالت گڑھاشامل ہیں ۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے درجنوں مقدمات ٹریس کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے جس سے مزید انکشافات اور برآمدگیاں متوقع ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے افسران و اہلکاروں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔