چین ثابت قدمی کے ساتھ ورکز پارٹی آف کوریا کی حمایت کرتا رہیگا، چینی وزیراعظم

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:14

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ اور ورکرز پارٹی آف کوریا کی سینٹرل کمیٹی کیسیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور شمالی کوریا کے وزیر اعظم پاک تائی سانگ کے درمیان پیانگ یانگ میں ملاقات ہوئی ۔ہفتہ کے روز چینی میڈیا کے مطابق چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ اور ورکرز پارٹی آف کوریا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کم جونگ ان نے بیجنگ میں ملاقات میں دونوں سیاسی جماعتوں اور ممالک کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے کے سلسلے میں اہم اتفاق رائے حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح ثابت قدمی کے ساتھ ورکز پارٹی آف کوریا کی حمایت کرتا رہیگا کہ وہ شمالی کوریا کے عوام کی قیادت کرتے ہوئے اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ چین مستقبل میں بھی شمالی کوریا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں جماعتوں اور دونوں ممالک کے سپریم رہنماں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنایا جائے اور چین اور شمالی کوریا کے درمیان روایتی دوستانہ تعاون میں مزید نئی کامیابیاں حاصل کی جائیں۔

لی چھیانگ کا کہنا تھا کہ اس سال شمالی کوریا کی مدد کے لئے چینی عوام کی رضاکار فوج کی امریکا مخالف جنگ کی پچھترویں سالگرہ ہے۔ چین یادگاری سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے شمالی کوریا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔چینی وزیر اعظم نے کہا کہ فریقین کو چین اور شمالی کوریا کے جائز حقوق اور مفادات کے دفاع اور بین الاقوامی عدل و انصاف کو برقرار رکھنے کے لیے متحد اور قریبی تعاون کرنا چاہیے۔

شمالی کوریا کے وزیر اعظم پاک تائی سانگ نے کہا کہ شمالی کوریا-چین تعلقات کو مستحکم بنانا اور اسے ترقی دینا ان کی پارٹی اور حکومت کا غیر متزلزل موقف ہے۔ شمالی کوریا دونوں جماعتوں اور ممالک کے سپریم رہنماں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے اور شمالی کوریا-چین دوستانہ تعاون پر مبنی تعلقات کی نئی صورتحال تشکیل دینیکے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔