میکسیکو میں شدید بارشوں سے تباہی، 23 افراد ہلاک

ملک کی 32 میں سے 31 ریاستوں میں شدید بارشیں ہوئیں،حکام

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:26

میکسیکو سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) میکسیکو میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں کم سے کم 23 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میکسیکو کی سول پروٹیکشن اتھارٹی کے حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ملک کی 32 میں سے 31 ریاستوں میں شدید بارشیں ہوئیں جن میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے مشرقی ریاست ویراکروز، وسطی ریاست کیریٹارو، ہیدالگو اور شمالی وسطی ریاست سان لوئیس پوٹوسی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ہیدالگو ریاست میں 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 1000 گھروں کو نقصان پہنچا، پویبلا ریاست میں پانچ افراد ہلاک ہوئے جبکہ 11 افراد لاپتہ ہیں۔ ویراکروز میں ایک کم عمر بچہ جبکہ کیریٹارو میں ایک پولیس افسر کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صدر کلاڈیا شینبام نے مقامی حکام اور کابینہ کے ارکان کے ساتھ اجلاس کے بعد بتایا کہ ہم متاثرہ آبادی کی مدد، سڑکوں کی بحالی اور بجلی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں، فوج کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان تقسیم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

اس سے قبل نیپال میں ہونے والی شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے ملک بھر میں نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا، سیلابی پانی کے باعث 47 افراد ہلاک ہوگئے، طوفانی بارش کے بعد انتظامیہ نے اگلے تین روز کے لیے تمام سڑکوں کو بند کردیا۔