ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا چوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشنز اور ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن کا دورہ

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 23:19

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان نے ہفتے کے دن چوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن اور گوادر ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ڈائریکٹر واٹر میرجان بلوچ، سپرنٹنڈنگ انجینئر نادر بلوچ، اور ایگزیکٹو انجینئر قاسم بلوچ بھی ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے شادی کور سے سپلائی ہونے والے پانی کے نظام کا معائنہ کیا اور روزانہ بنیاد پر پانی کی سطح میں ہونے والے بتدریج اضافے کو اطمینان بخش اور حوصلہ افزا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پانی کی فراہمی کا نظام بہتری کی جانب گامزن ہے اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں شہر میں جاری پانی بحران پر بڑی حد تک قابو پا لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انہوں نے گوادر ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن پر میرانی ڈیم سے بذریعہ ٹینکرز آنے والے پانی کی مقدار، معیار اور فراہمی کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وزیرِ اعلی بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کو صاف اور شفاف پانی کی فراہمی ہر صورت میں یقینی بنائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ پانی کی ترسیل کے تمام مراحل میں شفافیت، معیار اور تسلسل برقرار رکھنے کے لیے جی ڈی اے پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

ادارہ دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ دن رات پانی کے نظام کو بہتر بنانے، سپلائی لائنز کی استعداد کار بڑھانے اور شہری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متحرک ہیں جی ڈی اے کے تمام سنیئر و جونئیر انجینئرز اور افسران کو لوگوں کی خدمت اور انکے شنوائی کیلئے گلی و محلوں کی سطح پر زمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حوصلہ اور تعاون برقرار رکھیں، کیونکہ گوادر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال تیزی سے بہتری کی طرف جا رہی ہے۔