ایم ڈی کیٹ امتحانات کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا،اے ڈی سی جی

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 19:05

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عرفان انور کی زیر صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے ایم ڈی کیٹ امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان انور نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ایک بڑا ایونٹ ہے،ا نتظامات کے حوالہ سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، امتحانی مراکز میں امیدواروں کے ساتھ ساتھ عملہ کے بھی موبائل فون رکھنے پر سخت پابندی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امتحان کے کامیاب اور شفاف انعقاد کے لئے تمام محکموں کی آپسی کوارڈینیشن ہونی چاہیے۔امتحانی مراکز پر غیر متعلقہ افراد کے داخلے کو روکنے کے لئے دفعہ144کا نفاذ ہو گا جبکہ والدین کے بیٹھنے کے لئے مناسب انتظار گاہ تیار کی جائے جبکہ امتحانی مراکز پر سیکورٹی کے لئے پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

امتحانی مراکز میں داخلے سے قبل امیدواروں کی تلاشی لی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس خدمات سر انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ، ریسکیو1122اور شیخ زید ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، ایمبولینس صبح سات بجے امتحانی مرکز پہنچا دی جائیں۔ سپیشل برانچ، سول ڈیفنس اور فائر برگیڈ کا عملہ بھی سینٹر پر موجود ہو گا۔ مشتبہ امیدواروں کی تصدیق کے لئے نادرا کاؤنٹرز بھی لگائے جائیں گے۔