ڈپٹی کمشنرلاہورکی زیر صدارت ایم ڈی کیٹ امتحانی انتظامات بارے اجلاس

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت ایم ڈی کیٹ امتحانی انتظامات پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، ایم سی ایل اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے امتحانی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی کو مکمل انتظامی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسسٹنٹ کمشنرز کو امتحانی مراکز پر انتظامات کی نگرانی کے فرائض سونپے گئے جبکہ امیدواروں کی تصدیق کے لیے نادرا ٹیموں کو بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور میں امتحان کے لیے 6 مراکز قائم کیے گئے، جن میں 4 مرد اور 2 خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔ امتحانی مراکز پر فول پروف سیکیورٹی اور بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ شفاف امتحان کے انعقاد کے لیے مکمل رابطہ کاری کریں اور امتحانی مراکز کے اطراف ٹریفک کی روانی ہر صورت یقینی بنائیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز اپنے مراکز کا دورہ کرکے انتظامات کا خود جائزہ لیں، اور امیدواروں کی سہولت کے لیے واضح ہدایاتی بورڈز فوری آویزاں کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ یونیورسٹی کو مکمل انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی اور تمام ادارے ٹیم ورک کے ذریعے امتحان کو کامیاب بنائیں گے۔ حتمی تیاریوں کے لیے 20 اکتوبر کو دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :