Live Updates

حکومت نجی و سرکاری اداروں کیساتھ شراکت داری کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، میرسرفرازبگٹی

منگل 14 اکتوبر 2025 18:55

حکومت نجی و سرکاری اداروں کیساتھ شراکت داری کے ذریعے معاشی سرگرمیوں ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور صوبائی حکومت کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کی دستاویزات پر پیش رفت اور سوئی ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایم ڈی پی پی ایل سکندر علی میمن، صوبائی سیکریٹری توانائی متعلقہ محکموں کے حکام اور سوئی گیس فیلڈ کے منصوبوں سے وابستہ افسران نے شرکت کی ایم ڈی پی پی ایل نے اجلاس کو مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد اور سوئی ماسٹر پلان سے متعلق اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل بلوچستان کی امانت ہیں اور ان وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد کا براہِ راست اثر صوبے کے عوام خصوصاً اس علاقے کے لوگوں تک پہنچنا چاہیے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ پی پی ایل اور صوبائی اداروں کے درمیان تعاون کے ذریعے سوئی کے عوام کو روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ ملے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوئی ماسٹر پلان علاقے کی معاشی خودکفالت کی جانب ایک اہم قدم ہے اس منصوبے کے ذریعے مقامی ترقیاتی ڈھانچے، سماجی سہولیات، اور توانائی سے وابستہ منصوبوں میں ایک جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ ترقی کا عمل دیرپا اور عوام دوست ہو انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ایم او یو کے مجوزہ طے شدہ اہداف پر مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور سوئی ماسٹر پلان میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نجی اور سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ وسائل کی شفاف تقسیم، مقامی نوجوانوں کی تربیت، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ پی پی ایل کے ساتھ اشتراک سے نہ صرف سوئی بلکہ پورے بلوچستان میں معاشی اور سماجی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

Live سے متعلق تازہ ترین معلومات