پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود

اتوار 12 اکتوبر 2025 00:30

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہےاور اس مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ یہاں گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈی ایچ کیوہسپتال میں انسدادِ پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے جہاں انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی ، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد طاہر چوہدری اور ایم ایس ڈاکٹر محمد سلیم گوندل سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو عمر کے ہر مرحلے پر حفاظتی ٹیکے اور پولیو ویکسین ضرور دلائیں تاکہ مستقبل کی نسل کو معذوری جیسے خطرناک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ، محکمہ صحت اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور مفت ادویات کی فراہمی، صفائی اور دیگر عمومی انتظامات کا جائزہ لیا۔دریں اثناء ضلع بھر میں جاری انسدادِ ڈینگی مہم کا جائزہ اجلاس منٹگمری ہال میں منعقد ہواجس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل نے کی۔اجلاس میں ڈینگی سرویلنس، صفائی کے انتظامات اور لاروا کی تلفی سے متعلق کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔ اے ڈی سی جی نیاز احمد مغل نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنی فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں اور انسدادِ ڈینگی اقدامات کو ہر سطح پر مؤثر بنایا جائے۔