ْسیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن کونسل قائم کی جائے ‘ مسرت جمشید چیمہ

فلاحی تنظیموں ، نجی شعبوںاور ماہرین معیشت کو شامل کیا جائے ‘ سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل تیز کرنے کے لیے شفاف نظام، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور متعلقہ لوگوں کے نمائندوں کی شمولیت ناگزیر ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے حکومتی سرپرستی میں مشترکہ ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن کونسل قائم کی جائے جس میں فلاحی تنظیموں ، نجی شعبوںاور ماہرین معیشت کو شامل کیا جائے تاکہ امدادی رقوم کے شفاف استعمال اور دیرپا منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے جن لوگوں کے گھر بار ،کھیت ، فصلیں اور جانور نہیں رہے انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جا نا چاہیے ۔ حکومتی سرپرستی میں با اختیار کونسل کے قیام سے توجہ ان پر مرکوز رہے گی اور بحالی کا عمل بر ق رفتاری سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔