پاکستان عالمی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی پر کشش ہے ، میاں کاشف اشفاق

اتوار 12 اکتوبر 2025 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی نوجوان آبادی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ اور جنوبی ایشیا، وسطی ایشیاء اور مشرق وسطی کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی پر کشش ہے۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے سازگار ماحول، شفافیت، مستقبل و جدت سے ہم آہنگی اور طویل المدتی پالیسی کی ضرورت ہے۔

ٹیکسیشن، گورننس، کاروبار کرنے میں آسانی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں مدد کر سکتی ہیں۔ پائیدار انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی اور ڈیجیٹل تبدیلی پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

ایسے شعبوں کو فوقیت دی جائے جو عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات اور اقتصادی، سماجی و ماحولیاتی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ابھرتا ہوا ٹیک ایکو سسٹم، زرعی صلاحیت اور فروغ پذیر صنعتی بنیاد ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، ایس ایم ایز اور ہنر مندی کی ترقی اور تعلیم کے ذریعے اپنے انسانی وسائل کا استعمال کر کے پاکستان اپنی جامع ترقی کو تیز تر کر سکتا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان مربوط اقتصادی پالیسی اور اصلاحات کے ذریعے دنیا کی پرکشش ابھرتی ہوئی منڈیوں میں شامل ہو سکتا ہے۔ پاکستان کو عزم، تسلسل اور ویژن کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاری، خوشحالی اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تشکیل کا یہی قابل عمل راستہ ہے۔