مون کری ایشنز سکول آف آئی ٹی مظفرآبادمیں 60 طلباء کے کمپیوٹر ڈپلومہ جات کے فائنل امتحانات

ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ حکومت پاکستان کے تحت منعقدہ امتحانات میں طلباء و طالبات کی بھرپور شرکت، منتظمین نے شفافیت اور معیار کو سراہا

اتوار 12 اکتوبر 2025 14:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) معروف تعلیمی ادارے، مون کری ایشنز سکول آف انفارمیشن ٹیکنالوجی مظفرآبادمیں ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ (کے پی کی) حکومت پاکستان کے زیرِ اہتمام کمپیوٹر ڈپلومہ پروگرامز کے فائنل امتحانات کا کامیاب انعقاد ہوا۔ ان امتحانات میں آفس آٹومیشن، گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈویلپمنٹ، ڈیجٹل مارکیٹنگ اور دیگر آئی ٹی کورسز مکمل کرنے والے 60 سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی، جنہوں نے تھیوری اور عملی امتحانات (پریکٹیکلز) میں اپنی سال بھر کی محنت اور قابلیت کا مظاہرہ کیا۔

حکومتِ پاکستان سے منظور شدہ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کی جانب سے امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے ممتحن جناب انجینئر چن زیب اور اسسٹنٹ جناب محمد سعید پر مشتمل ٹیم تعینات کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

امتحانات کے بعد، انجینئر چن زیب نے طلباء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے جدید دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت اور افادیت پر ایک جامع لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ''آج کی دنیا میں کامیابی کا انحصار ڈیجیٹل مہارتوں پر ہے اور یہ حکومتی سرٹیفیکیشن آپ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے دروازے کھولے گا۔

'' انہوں نے مون کری ایشنز کے اساتذہ کی اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی تیاری اور عملی تربیت ادارے کے بلند تعلیمی معیار کی عکاس ہے۔اس موقع پر مون کری ایشنز کے پرنسپل، جناب صلاح الدین شاہ نے ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کی انتظامیہ اور بالخصوص ممتحن صاحبان کا شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں امتحانات کے انعقاد پر تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا، ''ہمارا عزم ہے کہ نوجوان نسل کو صرف تعلیم نہ دیں بلکہ ہنرمند بنائیں تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔'' انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ مستقبل میں بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اس سفر میں ادارے کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔فائنل امتحانات کا کامیابی سے انعقاد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کرنے کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہی-