سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام (CSSP) اور محکمہ پولیس کے باہمی تعاون سے “پولیس اور شہری تعلقات اور رابطاکاری” کے عنوان سیمینار

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:30

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) سماجی تنظیم سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام (CSSP) اور محکمہ پولیس کے باہمی تعاون سے “پولیس اور شہری تعلقات اور رابطاکاری” کے عنوان سے ایک اہم سیمینار مقامی ھوٹل عمرکوٹ میں منعقد ہوا، جس میں شہر کے معزز مہمانوں، افسران، سماجی رہنماؤں اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خاص سی ایس ایس ڈسٹرکٹ عمرکوٹ کے کوآرڈینیٹر میر حسن آریسر، شير محمد خاصخیلی (اے ایس آئی عمرکوٹ)، شکیل چانڈیو (کوارڈینیٹر CSSP)، کمیونٹی پیس گروپ عمرکوٹ کے صدر راجا اسد علوی اور معشوق چانڈیو،عمرکوٹ،ٹالہی نبی سر روڈ کے پولیس افسران،پکا موڑ،چیل بند اور نبی سر تھر چیک پوسٹوں کے انچارجز سمیت شہر کے دیگر معزز افراد شامل تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پولیس ریاست کا ایک بنیادی ادارہ ہے، جو عوام کی جان، مال اور حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد، احترام اور تعاون کا تعلق مزید مضبوط بنایا جائے۔ CSSP اور کمیونٹی پیس گروپ کی جانب سے اس نوعیت کی سرگرمیاں ایک مثبت سوچ اور نئی امید کی عکاسی کرتی ہیں،مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ شہری سطح پر قانونی آگاہی کی کمی کے باعث متعدد سماجی مسائل جنم لیتے ہیں۔

منشیات کا استعمال، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں اور دیگر سماجی برائیاں اس وقت ہی ختم ہوسکتی ہیں جب عوام اور پولیس دونوں اپنی مشترکہ ذمہ داری نبھائیں،ڈسٹرکٹ کو آرڈینیٹر محمد حسن آریسر نے بتایا کہ ایس ایس پی آفس میں ایک مینارٹی ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں اقلیتی برادری کے افراد اپنے مسائل نوٹ کرا سکتی ہے ہر قومیت سے تعلق رکھنے والے مینارٹی کے پولیس افسران اس کے فوکل پرسن ہونگے جس کا عنقریب ہی افتتاح ہوگا،اس موقع پر اقلیتی برادریوں کی نمائندگی پر بھی گفتگو ہوئی، اور مطالبہ کیا گیا کہ پولیس محکمے میں 5 فیصد اقلیتی کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہ سماجی انصاف اور پائیدار امن کے قیام کے لیے نہایت اہم قدم ہے،اختتام پر مقررین نے کہا کہ اقلیتی خواتین اور نوجوانوں کی پولیس میں شمولیت سے ادارہ مزید عوام دوست، شفاف اور حساس بن سکتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔\378