پنجاب پولیس میں احتساب کاعمل جاری،متعدد افسران و اہلکاروں کو سزائیں،13افسران نوکری سے برخاست

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) محکمہ پنجاب پولیس میں احتساب کا عمل جاری ہے، محکمہ میں بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال، غیر حاضری، ناقص کارکردگی اور فرائض میں غفلت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ترجمان کے مطابق ڈی پی او لیہ محمد علی وسیم کی ہدایت پر رواں سال کے دوران پولیس میں احتساب کا شفاف، منصفانہ اور سخت عمل جاری ہے،ڈی پی او کی زیر نگرانی رواں سال اردل روم کی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر907 پولیس افسران و اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، ان میں سے 368 اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی سزائیں دی گئیں جبکہ 622 شوکاز معمولی نوعیت کی غفلت اور لاپرواہی کے کیسز میں فائل کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق25 پولیس افسران کو میجر اور327 کو مائینر سزائیں دی گئیں، میجر سزائوں میں 13 افسران کو ملازمت سے برطرف جبکہ4 افسران کو معطل کر کے کلوز ٹو لائن کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دیگر افسران کو مختلف انتظامی اور محکمانہ سزائیں دی گئیں۔ڈی پی او محمد علی وسیم نے کہا کہ محکمہ پولیس میں جزا و سزا کے اصول سے ہی توازن برقرار رہتا ہے، اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی محکمہ میں نظم و ضبط کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیہ پولیس میں میرٹ، دیانت اور خدمتِ خلق کی بنیاد پر احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :