کاشتکار جدید زرعی آلات و مشینری کے بہتر استعمال سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کریں،ڈائریکٹر زراعت

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) سرگودھا ڈویژن میں گندم کی زیادہ پیداوار ،سموگ کی روک تھام اور فصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کے حوالہ سے کاشتکاروں میں خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،فصلوں کی باقیات کو جلانے سے اٹھنے والا دھواں ناصرف ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بنتا ہے بلکہ اس سےلوگ آشوب چشم ،الرجی اور سانس کے امراض میں بھی مبتلاء ہوتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار ڈائریکٹر زراعت سرگودھا محمد شاہد حسین نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں،زمینداروں کو چاہیے کہ اپنی فصلوں کی باقیات کو جلانے سے پرہیزکریں اور جدید طریقہ کاشت اور زرعی مشینری کے زریعے فصلوں کی باقیات کو مٹی میں ملا دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سر سبز پنجاب ویژن کے تحت محکمہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے کئی انقلابی پروگرامز شروع کیےگئے جیسے کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر سکیم، جدید زرعی آلات کی فراہمی وغیرہ ، اس سے جہاں پنجاب میں زراعت ترقی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسانوں اور زمینداروں کو چاہیے ان جدید زرعی آلات و مشینری کے بہتر استعمال سے اپنی گندم کی پیداوار میں اضافہ کریں۔ ڈائریکٹر زراعت نے مزید کہا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے سے سموگ اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے،کسان جدید زرعی مشینریہ و آلات کی بدولت فصلوں کی باقیات کو مٹی میں ملائیں تاکہ زمین کی زرخیزی بھی برقرار رہ سکے۔