پنجاب پولیس نے رواں سال 11 ہزار سے زائد خطرناک مجرمان گرفتار کر کے 2 ارب 72 کروڑ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا، ترجمان

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے سرگرم عمل ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس قتل، اغوا برائے تاوان، زیادتی، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے دوران 4574 گینگز کے 11 ہزار 198 خطرناک مجرمان گرفتار کر لئے جبکہ مجرمان کے قبضہ سے 2 ارب 72 کروڑ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ مال مسروقہ میں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، سونا، مویشی اور نقدی شامل ہے، مجرمان کے قبضہ سے 1430 کلاشنکوف، 2320 رائفلز، 27630 پسٹلز، 2511 بندوقیں، 380 ریوالور، 2 لاکھ سے زائد گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2273 گینگز کے 5054 مجرمان گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی کے ویژن کے تحت پنجاب کو کرائم فری صوبہ بنانے کیلئے خطرناک مجرمان کیخلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔