مصورہ مسرت مرزا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آرٹس کونسل میں تقریب

اتوار 12 اکتوبر 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی فائن آرٹ کمیٹی کے زیر اہتمام معروف مصورہ مسرت مرزا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد جوش ملیح آبادی لائبریری میں کیاگیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور مسرت مرزا کو ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی۔

(جاری ہے)

اتوار کوجاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب سمیت فن مصوری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض نصرت خواجہ نے انجام دیے۔ جوائنٹ سیکرٹری آرٹس کونسل و معروف ادیبہ نور الہدی شاہ نے کہاکہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ آرٹس کونسل میں مصور اور فن و ادب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔ اس موقع پر نور جہاں بلگرامی نے کہاکہ میں ہمیشہ مسرت مرزا کے کام سے متاثر ہوئی، ان کا کام ہی ان کی پہچان ہے۔تقریب میں معروف ادیبہ نور الہدی شاہ، مہر افروز، نورجہاں بلگرامی، عامرہ علی اور ڈاکٹر مرحب قاسمی نے بھی اظہارِ خیال کیا۔