جامع مسجد سرینگر میں سیرت مقابلے کا انعقاد

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مکتبہ مسیح الامت کے زیر اہتمام اور میرواعظ فائونڈیشن کے اشتراک سے رواں برس کے دوسرے عظیم الشان سالانہ سیرت مقابلے کی اختتامی تقریب تاریخی جامع مسجد سرینگر میں منعقد ہوئی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقابلے میں مقبوضہ وادی کشمیر بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبانے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور حضور اقدس ﷺ کی سیرتِ طیبہ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق تھے۔انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں تمام شرکاءاور انعام یافتگان کو مبارکباد دیتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا کہ نئی نسل آنحضورحضورر ﷺ کی سیرتِ مبارکہ سے والہانہ محبت رکھتی ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمیں سچائی، رحم دلی، انکساری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کی حقیقی کامیابی اچھے کردار، اخلاق اور نبی ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں ہی ہے۔تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا کو میڈلز، ٹرافیوں اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔