ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کاوطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 23جوانوں کو خراج عقیدت

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 23جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خون کا ایک ایک قطرہ قوم کا قرض ہے، اور اس کا حساب ضرور لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے شہدا کی عظیم ماں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بہادر اور باوقار مائیں قابل فخر ہیں جنہوں نے وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے سپوتوں کو جنم دیا۔انہوں نے کہا کہ وطن کے یہ ہیرو ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے، ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور نہ ہی رائیگاں جائیں گی۔ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے 200سے زائد دہشت گردوں کے خاتمے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور افواج پاکستان کے جذبہ قربانی، حوصلے اور بہادری کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی، استحکام اور بقا کی ضامن ہے، اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔